مہاراشٹر سماج وادی پارٹی کے صدر و رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کو جان سے
مارنے کی دھمکی آمیز فون موصول ہوا ہے جس کی شکایت انہوں نے مقامی قلابہ
پولس تھانے میں کردی ہے ۔ ابو عاصم اعظمی کو شام سات بجے ایک فون موصول ہوا
تھا جسے ان کے متعمد کمال حسین نے اٹھایا تھا اس پر فون کرنے والے نے پہلے
تو ان کے متعمد سے بدتمیزی سے بات چیت کی اور یہ دریافت کیا کہ اعظمی کہاں
ہے ؟ اس کو بول دینا کہ میں اس کو ٹھونک دونگا ( اسے قتل کردونگا)
مہاراشٹر کی اپوزیشن پارٹیوں کے ہمراہ کسانوں کی قرض معافی کے لئے جاری
سنگھرش یاترا میں ریاست کے دورے پر ابو عاصم
اعظمی نے کہا کہ وہ اس قسم کی
دھمکیوں سے خوف زدہ نہیں ہوتے ہیں ۔
واضح رہے کہ ابو عاصم رکن اسمبلی سے قبل اترپردیش سے راجیہ سبھا کے رکن بھی
تھے اور جب یوپی میں سماج وادی پارٹی برسر اقتدار تھی تو ان کی حفاظت پر
مہاراشٹر پولس کے ہمراہ یوپی پولس کا بھی دستہ ہوا کرتا تھا ۔ اطلاع ہے کہ
اقتدار میں تبدیلی کے بعد یوپی پولس کے جوانوں کو واپس اترپردیش طلب کیا
گیا ہے اور اب ابو عاصم کی سیکوریٹی صرف مہاراشٹر پولس کے جوان ہی کررہے
ہیں ۔ پولس کے مطابق دوران تفتیش پولس کو یہ علم ہوا ہے کہ ابو عاصم اعظمی
کو مہاراشٹر کے لاتور شہر سے فون موصول ہوا تھا ۔